
بجلی کا نظام معطل ،10ہزار سے زائد افراد متاثر ،ایمرجنسی آپریشن کیلئے ریسکیو ٹیمیں روانہ
کیلیفورنیا (الفجرآن لائن) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 7کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے عوام خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ،امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7 اور گہرائی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر معطل ہو گیا جس کے باعث 10ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ریاست کیلیفورنیا کے سینیٹر مائیک مک گوائیر نے کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن کیلئے ریسکیو ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے جو ہمبولڈٹ اور ڈیل نور کاؤنٹی کے متاثرہ علاقوں میں مقامی ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔دوسری جانب کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے کہا ہے کہ ریاستی ایمرجنسی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، ریاستی سطح پر امدادی سرگرمیوں کیلئے آپریشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق زلزلے سے ہونے والے نقصانات یا اموات سے متعلق ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، اب تک زلزلے سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔