
تفتیش کیلئے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل /گرفتار ملزمان جعلی پاسپورٹس ،دستاویزات پر دبئی سے سوئیڈن جانے کی کوشش کر رہے تھے، ترجمان
سیالکوٹ (الفجر آن لائن) ایف آئی اے نے دبئی سے ڈی پورٹ 3 مسافروںکو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن سرکل نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران دبئی سے ڈی پورٹ کئے گئے 3مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گجرات سے ہے جو جعلی پاسپورٹس اور دستاویزات پر دبئی سے سوئیڈن جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق گجرات کے رہائشی عبدالرحمن کے پاس فرضی نام عاصم نذیر اور انعام الحق کے پاس فرضی نام اکبر علی کا جعلی پاسپورٹس تھاجبکہ ملزم علی حیدر سہولت کار کے طور پر دونوں مسافروں کے ساتھ تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تینوں ملزمان پاکستان سے 30نومبر کو زمینی راستے سے ایران پہنچے ،ایران میں قیام کے دوران ایجنٹ میاں کریم نے دبئی کے راستے جعلی دستاویزات پر ان کے سوئیڈن کے اگلے سفر کا انتظام کیا تھا۔حکام نے بتایا ہے کہ عبدالرحمن اور انعام الحق سے فرضی ناموں کے جعلی پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کے بدلے 20لاکھ روپے وصول کئے گئے، وہ ایران سے دبئی پہنچے جہاں پر ٹرانزٹ کے دوران ایمریٹس سیکیورٹی حکام نے تینوں مسافروں کی دستاویزات کی چھان بین کی اور پاسپورٹس اور سفری دستاویزات جعلی ثابت ہونے پر انہیں فوری دستیاب سیالکوٹ کی پرواز پر پاکستان بھیج دیا ۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف ائی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔