
اسلام آ باد (الفجرآن لائن) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی میدان میں اہم کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھوس اقدامات سے معیشت استحکام کی جانب گامزن ہو چکی ۔کوشش ہے مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام عوام کو بھی پہنچائیں۔ شرح سود میں کمی سے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومتی اقدامات کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہو چکی۔ کرنٹ اکاونٹ خسارہ دس سال بعد سر پلس ہونا اہم پیشرفت ہے۔ ترسیلات زر میں پینتیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال ترسیلات زر تیس اعشاریہ دو ارب ڈالر تک رہی ہیں۔ یقین ہے ترسیلات زر پینتیس ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا برآمدی شعبے میں بھی مثبت رحجان جاری ہے۔ رواں مالی سال کے آخر تک امپورٹ کور کی صلاحیت تین ماہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا مہنگائی ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے۔ سٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں بار پالیسی ریٹ میں کمی کی۔ پالیسی ریٹ کے تیرہ فیصد تک آنے سے کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریٹس کا جائزہ لیا تو پتہ چلا عالمی منڈی میں دال چنا اور ماش سستی ہو رہی ہے پاکستان میں مہنگی ہو رہی ہے۔ اشیائے خوردو نوش مہنگی ہونے کی وجہ مڈل مین ہے کوشش ہے مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو بھی پہنچائیں ۔ انہوں نے کہا ڈیجیٹل روشن ا کاونٹ میں نو ارب ڈالر کا ان فلو ہوا ہے۔ سیمنٹ کی فروخت میں پانچ فیصد اضافہ ہوا۔