
سیالکوٹ (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہراسمنٹ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں، صنعت کاروں کی مشاورت سے بجٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔ سیالکوٹ چیمبر میں صنعتکاروں کے ساتھ اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو ہوے انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کی ادائیگی میں ہراسمنٹ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ صنعت کاروں کی مشاورت سے بجٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، شرح سود 22 فیصد سے بتدریج کم ہوکر 13 فیصد کی سطح پر آچکی ہے۔ انہوں نے کہا سیالکوٹ کی صنعت کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ نان فائلرز آنے والے دنوں میں شکنجے میں آئیں گے، ہم نے ملک بھر میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات میں کہا ہے کہ کوئی بہتری اگر دہائیوں سے نہیں آسکی تو اس کا یہ مطلب نہیں اب بھی نہ ہو، اب آپ سب کو اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کیپسٹی پیمنٹس کے بوجھ کو منیج کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حالات بہتر ہونے پر ہی صنعتوں کو ونٹر پیکیج دیا گیا ہے، حکومت کے اقدامات سے آنے والی بہتری کو بھی تسلیم کیا جائے۔