
واشنگٹن امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر کی اضافی فوجی امداد کا اعلان کردیا۔برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جو بائیڈن اپنے عہدے کے آخری ہفتوں کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے سے قبل کیف فوجی امداد میں اضافے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ میری ہدایت پر امریکا اس جنگ میں یوکرین کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے انتھک کام کرتا رہے گا۔صدر جوبائیڈن کے اعلان میں امریکی ذخیروں سے حاصل ہونے والی ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد اور ایک ارب 22 کروڑ ڈالر کا یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو (یو ایس اے آئی) پیکیج شامل ہے، جو بائیڈن کے دور کا آخری یو ایس اے آئی پیکیج ہے۔یو ایس اے آئی کے تحت فوجی ساز و سامان امریکی ذخیرے سے حاصل کرنے کے بجائے دفاعی صنعت یا شراکت داروں سے حاصل کیا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اسے میدان جنگ میں پہنچنے میں مہینوں یا سال لگ سکتے ہیں۔