
کوئٹہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف)کی 17ویں بیسک پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے بلٹ پروف ڈائس پر خطاب کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جس دن تمام غازیوں کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کر دوں گا، اس دن میں بھی بلٹ پروف ڈائس سے خطاب کروں گا منگل کو ایف ٹی ایف ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ پاسنگ آٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کٹھن حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کئی بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ جنگ صرف فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے دہشت گردی کی ہر شکل قابل مذمت ہے اور دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردوں کو پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی "را” کی مدد حاصل ہے، جو معصوم افراد، اساتذہ، وکلا اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے قومی یکجہتی سے دشمن کی لاحاصل جنگ کو ختم کرنا ہے اور ان کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دینا ہے وزیراعلی نے پولیس اور اے ٹی ایف کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے اور اس نے صوبے میں امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور کسی بھی طبقے سے ان پر کوئی تنقید نہیں ہوئی انہوں نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف اسکول کو جدید تھرمل کیمرے فراہم کیے جائیں گے، عمارت کی مرمت کی جائے گی اور نئے بلاکس کو شہدا کے نام سے منسوب کیا جائے گا وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور ان کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ہر پاکستانی شہری ملک پر جان نچھاور کرنے والے شہدا کے لواحقین کا وارث ہے اور ان کی کفالت کرنا ہماری ذمہ داری ہے بلوچستان حکومت نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ سویلین شہدا کے بچوں کی سولہ سالہ تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری اٹھائی ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے آفیسران اور جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول فورس کے جوانوں کو انسداد دہشت گردی کے لیے جدید تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ دہشت گردی کے چیلنجز کا مزید بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے قبل ازیں وزیر اعلی بلوچستان کو پاسنگ آٹ پریڈ کی تقریب میں آمد پر سلامی پیش کی گئی وزیر اعلی نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان اور کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ پولیس کی تمام ضروریات کو جلد پورا کیا جائے گا تقریب کے اختتام پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے یادگاری سوئنیر بھی پیش کیا۔