
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے گزشتہ رات بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ناکام بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لاہور، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، چھور، میانو، گوجرانوالہ اور کراچی کے قریب 12 مقامات پر ہیرب ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے تباہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لاہور میں پاک فوج کے 4 افسران زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ایک سویلین شہری شہید ہوا، اس کے علاوہ تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
6 اور 7 مئی کی درمیان شب بھارت نے آزاد کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی اور باغ سمیت مریدکے اور شگر گڑھ میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے 31 پاکستانیوں کو شہید اور 57 کو زخمی کیا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 5 طیاروں کو تباہ کیا، پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔