اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان اور برطانیہ نے اقتصادی و ترقیاتی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہارکیا ہے اوربرطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات کیلئے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیاہے جبکہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے، ریونیو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل اصلاحات پر حکومت کی توجہ مرکوز ہے، پالیسی تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ترجیح ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون اور اصلاحات پر گفتگوکی گئی۔پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، معاشی اصلاحات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت میکرو اکنامک استحکام اور طویل مدتی معاشی ترقی کیلئے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے، بیرونی کھاتوں میں استحکام، ترسیلات زر میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی،ٹیکس نیٹ بڑھانے، ریونیو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل اصلاحات پر حکومت کی توجہ مرکوز ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ترجیح ہے۔ملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال کے معاشی و انسانی اثرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات کیلئے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا، ماحولیاتی تبدیلی، آبادی کی منصوبہ بندی اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور برطانیہ نے اقتصادی و ترقیاتی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہارکیا۔
