سنگاپور (الفجرآن لائن)ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی تعلقات پر بھارتی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں۔
سنگاپور میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فاراسٹریٹجک اسٹڈیزکے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو ترکیہ اور پاکستان کی دوستی کو اپنے خلاف اقدامیا دشمنی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمزبھارتی کے مطابق حاکان فیدان نے کہا کہ ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں بلکہ دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے اچھے تعلقات کی بنیاد پر بھارت کسی ملک کے خلاف ناراضی کا اظہار کرتا ہے تو اس طرزِ عمل کو سمجھنا مشکل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعلقات موجود ہیں جبکہ ترکیہ مسئلہ کشمیر پر بھی پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ترک وزیر خارجہ کے واضح بیان نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ عالمی برادری اپنے قومی مفادات اور آزادانہ سفارتی فیصلوں کی بنیاد پر تعلقات استوار کرتی ہے۔ ان کے مطابق مثر خارجہ پالیسی کے لیے دیگر ممالک کے خودمختار فیصلوں کا احترام ضروری ہے۔ماہرین نے مزید کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی کے تناظر میں ممالک کے باہمی تعلقات کو صفر جمع صفر نقطہ نظر سے دیکھنے کے بجائے باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھانا زیادہ موثر حکمتِ عملی ثابت ہو سکتی ہے۔
