اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کو عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے، جہاں اسے انٹرنیشنل کونسل فار ہارمونائزیشن (ICH) میں مبصر کا درجہ دے دیا گیا۔ اس پیش رفت کو وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کے ریگولیٹری نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق یہ فیصلہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 2 سے 3 جون کو منعقدہ ICH اسمبلی اجلاس کے دوران
کیا گیا۔ وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ICH ایک عالمی سطح کا فورم ہے، جہاں دنیا کے بڑے ریگولیٹری ادارے اور صنعت مل کر ادویات کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے رہنما اصول تیار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈریپ کا عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا پاکستان کے ریگولیٹری نظام کی صلاحیت میں اضافے، شفافیت میں بہتری اور فارماسیوٹیکل شعبے پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کرے گا۔ اس اقدام سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل ریگولیٹری نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی، اور یہ صنعت کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
وزیر صحت کے مطابق اس شمولیت سے نہ صرف ادویات کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان میں فارماسیوٹیکل نظام کی کارکردگی اور شفافیت کو عالمی سطح پر تسلیم بھی حاصل ہوگا۔ڈریپ کے عالمی فورم میں مبصر کا درجہ حاصل کرنے کو ملکی فارماسیوٹیکل سیکٹر کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو معیار، شفافیت اور عالمی اعتماد کے نئے معیار قائم کرے گا۔
