اسلام آباد(الفجرآن لائن)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجٹ آنریریم پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت وزارت تجارت، وزارت قانون اور اے جی پی آر بھی اہل اداروں میں شامل کر لئے گئے ہیں۔کمیٹی نے پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کیلئے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ‘پاک بحریہ کے ہنگور پراجیکٹ کیلئے 10 ارب 15 کروڑ‘کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکجز کیلئے 8 ارب 75 کروڑ ‘خیبر پختونخوا میں ایس اے پی منصوبوں کیلئے 2 ارب 84 کروڑ روپے اورگلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کیلئے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے منظورکر لئے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس نے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کیلئے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی، ای سی سی نے پاک بحریہ کے ہنگور پراجیکٹ کیلئے 10 ارب 15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ‘اسلام آباد امن مذاکرات کے سکیورٹی انتظامات کیلئے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے ‘اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجة الکبریٰ دھماکے کے متاثرین کیلئے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے‘پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کی آپریشنل ضروریات کیلئے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری دیدی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کیلئے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور انفراسٹرکچر کی خریداری کیلئے 80 کروڑ روپے منظورکئے گئے۔اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے کیلئے 1 ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے ‘نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کیلئے 15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ‘ریکوڈک منصوبے کے سکیورٹی اخراجات کیلئے 41 کروڑ 39 لاکھ روپے کی منظور ی دی گئی ۔ای سی سی نے پی ٹی وی ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کیلئے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، ضلع شگر گلگت بلتستان میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کیلئے 18 کروڑ 35 لاکھ روپے ُپارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں و الاؤنس کیلئے 11 کروڑ 99 لاکھ روپے ‘کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکجز کیلئے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ۔ اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایس اے پی منصوبوں کیلئے 2 ارب 84 کروڑ روپے جاری کرنے ‘پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کیلئے 1 ارب 30 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ‘گلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کیلئے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے منظورکئے گئے۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے بجٹ آنریریم پالیسی کی منظوری دے دی جس کے تحت وزارت تجارت، وزارت قانون اور اے جی پی آر بھی اہل اداروں میں شامل کر لئے گئے ہیں۔اجلاس میں آئی پی او پاکستان کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں اور اینگرو ووپک ٹرمینل لمیٹڈ کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل کی منظوری دے دی گئی۔پاکستان اسٹیٹ آئل کیلئے 100 ارب روپے تک کی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق سینرجیکو کے ساتھ ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی گئی ۔ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کی منظوری سے ریفائنری اپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہوگی،اقتصادی امور ڈویژن کیلئے رہائشی کرایوں کی ادائیگی کیلئے 2 کروڑ 99 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ۔پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کی توسیع اور اپ گریڈیشن کیلئے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظوری دی گئی۔
