کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے، جس میں آصف علی نامی شخص نے مبینہ طور پر خودکشی سے قبل پانچ افراد کو قتل کر دیا، کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر واقعے کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو حقائق تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خودکشی سے قبل ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنے والے متوفی آصف علی کے بیان کی روشنی میں دو مشتبہ سرکاری ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مزید شواہد، بیانات اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہے جس کے تمام محرکات اور حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات کو مکمل شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تحقیقات کو بلاامتیاز اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کسی بھی فرد یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جاتا۔ اگر تحقیقات کے دوران کسی شخص کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے تاکہ کسی قسم کی ابہام یا قیاس آرائی کی گنجائش باقی نہ رہے شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلایا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اس افسوسناک سانحے کے تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
