اسلام آباد (الفجرآن لائن) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ ریلیف جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیا گیا ہے، جس سے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین مستفید ہوں گے۔نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق جون سے اگست 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی جانے والی یہ رعایت ملک بھر کے بجلی صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگی، جس سے کراچی سمیت مختلف علاقوں کے صارفین بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ کمی صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، جبکہ گرمیوں کے موسم میں بڑھتے ہوئے بجلی کے استعمال کے دوران صارفین کے لیے کسی حد تک ریلیف کا باعث بنے گی۔واضح رہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں کا تعین ایندھن کی لاگت، پیداواری اخراجات اور دیگر مالی عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جس کے تحت وقتاً فوقتاً نرخوں میں ردوبدل کیا جاتا ہے۔
