اسلام آباد (الفجرآن لائن) ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال بہتر ہونے لگی ہے اور تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں قابلِ استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 40 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ واپڈا نے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد، اخراج اور ذخیرہ شدہ پانی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 300 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1453.44 فٹ ہے اور اس وقت 11 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ موجود ہے۔دریائے جہلم پر منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 30 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 29 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1171.90 فٹ اور ذخیرہ شدہ پانی 26 لاکھ 70 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
واپڈا کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 68 ہزار 200 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 647.30 فٹ اور قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 26 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔دریائے چناب پر ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 26 ہزار کیوسک اور اخراج 7 ہزار کیوسک ہے، جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج دونوں 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ترجمان واپڈا نے بتایا کہ تربیلا اور چشمہ کے مقامات پر دریائے سندھ، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد و اخراج کے اعداد و شمار گزشتہ 24 گھنٹوں کے اوسط بہاؤ پر مبنی ہیں، جبکہ ہیڈ مرالہ سمیت دیگر مقامات کے اعداد و شمار منگل کی صبح 6 بجے تک کی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں
