اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی بجٹ،وزیر اعظم اور صدر مملکت کی ملاقات کے بعد بجٹ کے حوالے سے اختلافات ختم،پیپلز پارٹی ترقیاتی منصوبوں میں سندھ کا حصہ بڑھانے میں کامیاب،سب سے زیادہ حصہ بلوچستان جبکہ سب سے کم پنجاب کو فنڈز ملیں گے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان بجٹ 2026.27 کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے دونوں جماعتوں کی تکنیکی کمیٹیوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔ ۔ذرائع کے مطابق وفاق نے ترقیاتی بجٹ میں سندھ کے منصوبوں کی فنڈنگ بڑھانے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔ذرائع کے مطابق سندھ کو اب وفاق ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 195 ارب روپے دئیے جائیں گے جبکہ پہلے سندھ کو 140 ارب روپے دینے کی تجویز تھی جسے سندھ حکومت نے رد کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت سکھر حیدر آباد موٹر وے اور کے فور منصوبے کیلیے فنڈنگ دے گا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کو وفاق سب سے زیادہ 265 ارب روپے فراہم کرے گا اس میں زیادہ تر وفاق کے فنڈڈ منصوبے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کو 98 ارب جبکہ سب سے کم پنجاب کو 72 ارب روپے ملیں گے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاق 150 ارب دے گا۔
