عبدالرحیم زیارتوال نے دھرنا کمیٹی نے مذاکرات کی ناکامی کا باقاعدہ اعلان کر دیا
کوئٹہ (الفجرآن لائن )آل پارٹیز اور سانحہ زیارت کے شہداء کے لواحقین کے حکومتی وفد کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ دھرنا کمیٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارتوال نے مذاکرات کی ناکامی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مطالبات پر اتفاق نہ ہو سکا۔
دھرنا کمیٹی کے مطابق حکومت کی جانب سے مطالبات کے مسودے میں بار بار تبدیلیاں کی گئیں، جس کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ لواحقین سے مشاورت کے بعد احتجاجی دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
دھرنا کمیٹی کے رہنما اصغر خان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح 11 بجے سے شام تک حکومت اور آل پارٹیز کے درمیان طویل مذاکرات جاری رہے، جن کے دوران تمام مطالبات کو باقاعدہ تحریری شکل دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی مطالبات کا مسودہ لے کر وزیراعلیٰ بلوچستان سے مشاورت کے لیے گئی، تاہم واپسی پر مطالبات کا متن تبدیل کیا جا چکا تھا، جس کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا۔
اصغر خان اچکزئی کے مطابق دوسری مرتبہ گفت و شنید کے بعد مطالبات کو دوبارہ تحریر کرکے حکومت کے حوالے کیا گیا، لیکن حکومت نے ایک بار پھر مطالبات کے نکات میں تبدیلی کردی، جس سے مذاکرات سبوتاژ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتجاجی دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رکھا جائے گا۔
دھرنا کمیٹی نے اعلان کیا کہ کل بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کل دھرنے کے مقام پر کیا جائے گا۔ کمیٹی کے مطابق شہداء کے لواحقین سے مشاورت کے بعد دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

