راولپنڈی / کوئٹہ( الفجرآن لائن): بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا گرینڈ "آپریشن شعبان” کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی اس مشترکہ مہم میں خارجیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تازہ ترین ہلاکتوں کے بعد صرف اس آپریشن کے تحت انجام کو پہنچنے والے دہشتگردوں کی تعداد 83 تک پہنچ گئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
صوبے کے دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ہیلی کاپٹروں اور زمینی دستوں کی مدد سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے شروع ہونے والے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 121 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں۔سیکیورٹی حکام نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں مستقل امن اور استحکام کے لیے یہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ صوبے بھر میں سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں

