اسلام آباد(الفجرآن لائن ) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اگلے 6 ماہ کے دوران 70 پاور پلانٹس، 43 نئے امریکی انجن اور مرمت شدہ مسافر کوچز ریلوے کے بیڑے کا حصہ بنائی جائیں گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے ریلوے میں انجنوں اور کوچز کی دیرینہ کمی کا خاتمہ ہوگا اور محکمہ پوری استعداد کے ساتھ کام شروع کر دے گا۔
وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ گزشتہ 9 سے 10 سالوں کے دوران لوکوموٹیوز اور پاور پلانٹس کی دیکھ بھال کو بری طرح نظر انداز کیا گیا جس سے ریلوے کا نظام متاثر ہوا۔
تاہم موجودہ انتظامیہ نے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام 43 امریکی ساختہ انجن 30 ستمبر تک ریلوے سسٹم کا حصہ بن جائیں گے جبکہ ہر ماہ نظام میں 7 نئے پاور پلانٹس شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹرینوں میں بجلی اور ائیر کنڈیشننگ کے مسائل مستقل طور پر حل ہوں۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ حکومت ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس کے تحت تیزگام اور کراچی ایکسپریس سمیت تمام ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
ملازمین اور مسافروں کی فلاح و بہبود کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے سے "وی آئی پی کلچر” کا تاریخی خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب تمام شہریوں کو یکساں اور اعلیٰ معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں

