اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی قید کے تین سال مکمل ہونے پر احتجاجی تحریک تیز کرنے کا عندیہ، بیرسٹر گوہر کی حکومت پر تنقید
اسلام آباد(الفجر آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت نے 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی کی قید کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت سمیت مختلف اہم سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی کی قید کو تین سال مکمل ہو جائیں گے، جس کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور دیگر سیاسی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا اور گزشتہ تین برس کے دوران انہیں انصاف کی فراہمی میں مسلسل رکاوٹیں سامنے آتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 5 اگست کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سے بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ کے دوران مختلف مقدمات میں سنائے گئے فیصلوں کو اب تین سال مکمل ہونے جا رہے ہیں، تاہم پارٹی اپنی سیاسی جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے گی۔
پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی معاملات پر آئندہ کا لائحہ عمل باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا،

