اٹلانٹا ( ویب ڈیسک) اٹلانٹا کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کے آخری لمحات تک مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، تاہم انگلینڈ نے دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں انتھونی گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ اس گول کے بعد انگلینڈ نے دفاعی انداز اپنایا، لیکن ارجنٹینا نے مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ میچ کے 85ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز نے شاندار لانگ رینج شاٹ کے ذریعے ارجنٹینا کو برابری دلائی، جس کے بعد مقابلہ مزید سنسنی خیز ہو گیا۔ انجری ٹائم کے 92ویں منٹ میں لیونل میسی کے عمدہ کراس پر لاوتارو مارٹینیز نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر ارجنٹینا کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ اس فتح کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ دوسری جانب انگلینڈ اب تیسری پوزیشن کے میچ میں فرانس کے خلاف میدان میں اترے گا۔ لیونل میسی کی قائدانہ صلاحیت اور ارجنٹینا کے آخری لمحات تک بھرپور عزم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بڑی ٹیمیں دباؤ کے لمحات میں کس طرح میچ کا رخ بدل سکتی ہیں۔ ارجنٹینا کے شائقین اب مسلسل دوسری عالمی فتح کے خواب کو حقیقت بنتا دیکھنے کے لیے پُرامید ہیں

