گرفتارملزمان محسن برڑو، عادل، اسد اللہ، معشوق علی، ارز محمد، دلبر علی، داؤد، فہد، امتیاز علی اور ابتسام شاملدس رکنی،بین الصوبائی گروہ گرفتار، موبائل فون اور اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے، ترجمان
لاہور(الفجرآن لائن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) فیصل آباد نے ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے رشتہ دار بن کر مالیاتی فراڈ کرنے والے سندھ سے تعلق رکھنے والے 10 رکنی بین الصوبائی سائبر گینگ کو گرفتار کر لیا۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی اسلام آباد کے علاقے سوہان گارڈن، ایف بلاک میں کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں محسن برڑو، محمد عادل، اسد اللہ، معشوق علی، ارز محمد، دلبر علی، داؤد، فہد، امتیاز علی اور ابتسام شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جدید ماسکنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی واٹس ایپ نمبرز استعمال کرتے ہوئے شہریوں کا اعتماد حاصل کرتے، خود کو بیرونِ ملک مقیم قریبی عزیز ظاہر کرتے اور جعلی ویسٹرن یونین رسیدیں، فرضی ٹرانزیکشن سلپس اور ویزے کی مدت ختم ہونے یا امیگریشن سے متعلق ہنگامی صورتحال کا بہانہ بنا کر مختلف بینک اکاؤنٹس میں رقوم منتقل کرواتے تھے۔حکام کے مطابق ملزمان نے ابتدائی طور پر ایک شہری سے 10 لاکھ 20 ہزار روپے ہتھیائے، جبکہ مزید متاثرین کی نشاندہی اور مالیاتی ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون برآمد کیے گئے، جن میں واٹس ایپ چیٹس، جعلی ٹرانزیکشن سلپس، بینک کارڈز کی حساس معلومات، سی وی سی نمبرز، ایکسپائری ڈیٹس، غیر ملکی موبائل نمبرز اور متعدد بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات موجود تھیں، جنہیں سائبر فراڈ کے اہم ڈیجیٹل شواہد قرار دیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے نے مقدمہ نمبر 92/2026 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں، مالی فائدہ اٹھانے والے افراد اور رقوم کی مکمل منی ٹریل کا سراغ لگایا جا رہا ہے تاکہ منظم سائبر فراڈ نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔

