راولپنڈی (الفجر آن لائن) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس (سی ٹی پی) نے مری روڈ پر ہر جمعہ لگنے والے غیر قانونی گاڑیوں کے بازار کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی نفری تعینات کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سڑک پر کھڑی غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مری روڈ پر گزشتہ کئی برسوں سے ہر جمعہ غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی خرید و فروخت کا بازار سجایا جاتا ہے، جہاں سینکڑوں گاڑیاں مرکزی شاہراہ، سروس روڈ اور اطراف کی جگہوں پر کھڑی کر دی جاتی ہیں۔ اس کے باعث راولپنڈی کی مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے اور شہریوں کو شدید ٹریفک جام، طویل انتظار اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی بازار عرصہ دراز سے قائم ہے، تاہم مختلف ادوار میں سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے کارروائیاں ضرور کی گئیں لیکن وہ زیادہ تر ایک روز تک محدود رہیں۔ کارروائی کے اگلے ہی جمعہ بازار دوبارہ سابقہ انداز میں لگ جاتا ہے، جس سے شہریوں کو بار بار اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مری روڈ سے روزانہ ہزاروں شہری، سرکاری و نجی ملازمین، طلبہ، مریض اور دیگر مسافر گزرتے ہیں، لیکن جمعہ کے روز غیر قانونی گاڑیوں کے بازار کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔ ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کو بھی راستہ بنانے میں دشواری پیش آتی ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔شہریوں نے چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے صرف ایک روزہ آپریشن کے بجائے مستقل بنیادوں پر مؤثر کارروائی، باقاعدہ نگرانی اور قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مری روڈ کو غیر قانونی گاڑیوں کے بازار سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جا سکے اور شہری بلا تعطل سفر کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق جمعہ کے روز ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے، سڑکوں پر غیر قانونی طور پر گاڑیاں کھڑی کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور مری روڈ پر ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

