ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ روانہ تین مقامات پر جھڑپوں کی اطلاعات، قومی شاہراہ بند، سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ٹریفک معطل
مستونگ(نیوز ایجنسیاں)مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر مبینہ حملوں کی اطلاعات کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال مستونگ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ ڈاکٹر سعید احمد میروانی کی ہدایت پر تمام ایمبولینسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو فوری طور پر ہسپتال طلب کر لیا گیا ہے۔
تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق کھڈکوچہ کے علاقوں کنڈ عمرانی، گرو اور انجیری میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر تین مختلف مقامات پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جن کے بعد شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر قومی شاہراہ پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ علاقوں میں نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔
تاحال سرکاری سطح پر حملوں، ممکنہ جانی نقصان یا جاری آپریشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
حکام کی جانب سے واقعے کی تصدیق اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

