پہلی رورو شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں ایم وی گرینڈے شنگھائی کراچی پورٹ پر لنگرانداز، وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اقدام کو اہم سنگ میل قرار دے دیا
کراچی (الفجرآن لائن) پاکستان کی بحری تجارت اور بندرگاہی شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے جہاں پہلی مرتبہ رورو (Roll-on/Roll-off) شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی کاوشوں کے نتیجے میں جدید شپنگ سہولت کے آغاز کو ملکی تجارتی صلاحیت میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی سے کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہوا، جس کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد رورو جہاز کے ذریعے ممکن ہوئی۔
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی بحری تجارت میں تاریخی سنگ میل قرار دیا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو الیکٹرک وہیکل شپمنٹ جدید بندرگاہی خدمات کے فروغ اور عالمی معیار کی شپنگ سہولیات کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
رورو جہازوں کے ذریعے گاڑیوں کو براہِ راست جہاز پر لوڈ اور اَن لوڈ کیا جاتا ہے، جس سے وقت کی بچت اور تجارتی عمل میں بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید بندرگاہی سہولیات پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو مزید مستحکم کریں گی اور کراچی پورٹ کو عالمی معیار کی شپنگ خدمات فراہم کرنے والی بندرگاہوں میں شامل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ حکومت بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جن کا مقصد تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافے اور پاکستان کو عالمی بحری تجارت کے نقشے پر مزید نمایاں مقام دلانا ہے۔

