کوئٹہ ( الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے پولیس شہداء کے معاوضے اور پلاٹ یا اراضی کے بدلے نقد ادائیگی کی مقررہ شرح میں اضافے کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے منظوری کے لیے سمری طلب کر لی۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر پولیس شہداء کے اہل خانہ کے لیے مالی معاونت کے پیکیج کو مزید بہتر بنانے کے لیے موجودہ شرحوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے منظوری کے لیے سمری طلب کر لی گئی ہے۔
شاہد رند کے مطابق مجوزہ نظرثانی کے تحت بی-1 سے بی-16 تک کے پولیس شہداء، جن میں کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل، اے ایس آئی، سب انسپکٹر اور انسپکٹر شامل ہیں، کے لواحقین کے لیے نقد معاوضہ ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے اسی طرح بی-1 سے بی-8 تک کے کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے لیے پلاٹ یا اراضی کے بدلے نقد ادائیگی کی رقم 11 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کی سفارش بھی سمری میں شامل کی جا رہی ہے شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا واضح مؤقف ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فورسز کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہل خانہ کی مالی کفالت اور فلاح حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت اور ان کی بہبود کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور معاوضوں میں مجوزہ اضافہ اسی وژن کا مظہر ہے۔


