کوئٹہ( الفجرآن لائن): پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ابتدائی وارننگ کے بعد صوبے کے شمال مشرقی اضلاع میں تیز بارشو ں اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق 17 جولائی سے 23 جولائی 2026 کے دوران خطے میں شدید موسمی نظام کے زیرِ اثر تیز ہوائیں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے پہاڑی ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں درمیانے سے بلند درجے کے فلیش فلڈ کا شدید خطرہ ہے۔ دریائے ژوب، کنگری دریا اور ان سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔ اس کے علاوہ لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، سبی، کچھی، کوہلو، بارکھان، قلات، خضدار اور نصیر آباد سمیت متعدد اضلاع کے برساتی ریلوں اور آبی گزرگاہوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ناری، بولان اور لہڑی نالوں میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں اور امدادی مشینری کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ محکمہ آبپاشی کو حفاظتی بندوں کی نگرانی تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عوام الناس، بالخصوص ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی واقعے یا نقصان کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری اطلاع دینے کی تاکید کی گئی ہے

