کوئٹہ( الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے کی شقوں پر فوری طور پر عمل درآمد شروع حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے کی شقوں پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر معاہدے میں کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا آغاز کرتے ہوئے ضلع زیارت میں دہشت گردی کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشنز، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کو شہداء کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بلوچستان کی جانب سے محکمہ داخلہ، محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کو باقاعدہ مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں متعلقہ سرکاری عمارتوں کے نام تبدیل کرنے کی کارروائی مکمل کرکے مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جاری مراسلوں کے مطابق ضلع زیارت کے چار پولیس اسٹیشنز کے نام تبدیل کیے جائیں گے۔ پولیس اسٹیشن سرمکسی کو "شہید حسرت اللہ کاکڑ پولیس اسٹیشن”، پولیس اسٹیشن دوسرکہ شبوزئی کو "شہید جنداد خان پولیس اسٹیشن”، پولیس اسٹیشن منگی کو "شہید زین اللہ پانیزئی پولیس اسٹیشن” جبکہ پولیس اسٹیشن زندرہ کو "شہید میجر زمان پانیزئی پولیس اسٹیشن” کا نام دیا جائے گا۔ اسی طرح محکمہ تعلیم کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کان ڈیپو کا نام "شہید کانسٹیبل مصطفیٰ خان گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کان ڈیپو”، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کان ڈیپو کا نام "شہید کانسٹیبل محمد آصف گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کان ڈیپو” جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کاوس غربی کا نام "شہید کانسٹیبل محمد عثمان گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کاوس غربی” رکھا جائے گا محکمہ صحت کے تحت رورل ہیلتھ سینٹر احمدون کو "شہید کانسٹیبل اظہر احمد احمد دمڑ رورل ہیلتھ سینٹر احمدون” جبکہ بیسک ہیلتھ یونٹ کاوس غربی کو "شہید فرید اللہ بی ایچ یو کاوس غربی” کے نام سے منسوب کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت شہداء کے ساتھ کیے گئے وعدوں اور معاہدے کے ہر نکتے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع، امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ سرکاری اداروں کو ان کے نام سے منسوب کرنا ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھنے اور نئی نسل کو ان کی بہادری اور فرض شناسی سے روشناس کرانے کی ایک مؤثر کاوش ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان شہداء اور ان کے اہل خانہ کے احترام، فلاح و بہبود اور معاہدے میں کیے گئے تمام وعدوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

