کوئٹہ ( الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حکم پر کچ مانگی کے علاقے سے متعلق ریونیو اور اراضی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کا قیام کچ مانگی کے ریونیو معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی غرض سے عمل میں لایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین وزیر بورڈ آف ریونیو ہوں گے، جبکہ کمیٹی کے اراکین میں کمشنر سبی، ڈپٹی کمشنر زیارت، ڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے نمائندے اور کچ مانگی علاقے کے تین مقامی نمائندگان شامل ہوں گے کمیٹی کچ مانگی کے علاقے میں ریونیو، اراضی اور دیگر متعلقہ امور کا جامع جائزہ لے گی اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل سفارشات مرتب کرے گی حکومت بلوچستان کے مطابق کمیٹی 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ اور سفارشات حکومت کو پیش کرے گی تاکہ اس معاملے پر شفاف، مؤثر اور مستقل بنیادوں پر فیصلہ کیا جا سکے۔


