کوئٹہ( الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نصیرآباد ڈویژن میں پانی کی شدید قلت کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں بلوچستان کے حصے کے پانی کی منصفانہ فراہمی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے پانی کے بحران کے مستقل اور عملی حل کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں دونوں صوبوں کے وزرائے آبپاشی اور متعلقہ اراکینِ اسمبلی سکھر میں ایک اہم اجلاس منعقد کریں گے، جہاں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے قابلِ عمل لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان کے کسانوں اور زمینداروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے کے حصے کے پانی کا کوٹہ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکنہ حد تک جائیں گے تاکہ زراعت کو نقصان سے بچایا جا سکے

