لاہور(الفجر آن لائن) لاہور کی نجی ہاؤ سنگ سوسائٹی میں گھر سے خاتون اور اس کے 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق چاروں افراد کی ہلاکت مبینہ طور پر زہر خورانی سے ہوئی، جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔اس حوالے سے ایس پی ماڈل ٹاؤ ن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ماں اور بچوں کو زہر آلود چیز کھلائی گئی، جس پر بچوں کے والد کو حراست میں لیاگیا ہے۔
دریں اثنا لاہور پولیس نے مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کچھ عرصہ قبل امریکا سے پاکستان آیا تھا، وقوعہ کے روز گھر میں حلوہ، چاول اور سالن پکایا گیا،کھانوں کے نمونے لیکرفرانزک لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق زہر کی نوعیت اور حقائق کا تعین فرانزک رپورٹس میں ہوگا،ابتدائی تفتیش میں گھر میں مزاحمت کے کوئی شواہد نہیں ملے۔پولیس کے مطابق زیر حراست گھر کے سربراہ کا موبائل فون تجزیے کیلئے بھجوا دیا گیا ہے،گھر میں برتنوں، ڈریسنگ ٹیبل اور دروازوں کے لیورز سے فنگر پرنٹس حاصل کئے گئے ہیں،اہل خانہ کے علاوہ کون گھر میں آیا تھا؟فنگر پرنٹس رپورٹ میں اس کا تعین ہوگا،واقعے سے متعلق حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔

