چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیرانتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہیں اور فیک نیوز بے بنیاد ہیں، عوام ان پر توجہ نہ دیں،جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل
مظفرآباد(الفجرآن لائن)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد ہوں گے۔
انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہیں اور فیک نیوز بے بنیاد ہیں، عوام ان پر توجہ نہ دیں۔
عام انتخابات 2026 کے حوالے سے خصوصی پیغام میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ مصطفی مغل نے کہا کہ ملازمین کی پولنگ کل مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔
تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ میٹریل پہنچا دیا گیا۔
حلقہ LA-24 پونچھ و سدھنوتی-7 (بلوچ) میں امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ ری شیڈول کی جائے گی۔
حلقہ LA-24 کے علاوہ تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی تمام انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہیں، انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی پر مامور ہوں گے
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس تعینات رہے گی۔
عوام بلا خوف و خطر گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں،تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے،انتخابات شفاف۔
پرامن، آزادانہ اور غیر جانبدار انداز میں منعقد ہوں گے، انتخابات مؤخر کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
اب ملتوی کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر ہوں گے۔

