فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی، دو کو تشویشناک حالت کے باعث ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا
مستونگ (الفجر آن لائن)کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام پر گروہ کے قریب مسلح افراد نے محکمہ تعلیم بلوچستان کی ایک کوسٹر بس کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ تعلیم کی کوسٹر بس کوئٹہ سے پنجگور کی طرف جا رہی تھی۔
مسلح افراد کی اچانک فائرنگ کے نتیجے میں بس میں سوار چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاروں زخمیوں میں سے دو کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔
جنہیں فوری طور پر مزید علاج و معالجے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

