ٹول اور ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لینے پر ملک گیر پہیہ جام کرنے کا الٹی میٹم حکومتی وعدے پورے نہ ہونے پر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں شدید تشویش،ذرائع
لاہور(الفجرآن لائن) گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیے گئے تو ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام کیا جائے گا۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
جبکہ ایندھن، ٹیکسوں اور دیگر آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث گاڑیاں چلانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں سے ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید متاثر ہو رہا ہے اور سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دسمبر میں حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس فوری واپس لیے جائیں، ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دیا جائے اور شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ ممکنہ ہڑتال اور اس کے اثرات سے بچا جا سکے

