کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی ہدایت پر محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں فیفا ورلڈ کپ فائنل میچ کی لائیو اسکریننگ کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز فائنل میچ براہ راست نشر کیا جا رہا ہے، جسے دیکھنے کے لیے سینکڑوں فٹبال شائقین ایوب اسپورٹس کمپلیکس پہنچ چکے ہیں اور وہاں کا ماحول انتہائی پُرجوش ہے۔
محکمہ کھیل کی جانب سے فٹبال کے متوالوں کے لیے سیکیورٹی، بیٹھنے کی نشستوں، پارکنگ اور دیگر ضروری سہولیات کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فٹبال نوجوانوں کو نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے والا ایک عالمی کھیل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، اور اس لائیو اسکریننگ کا بنیادی مقصد بھی نوجوانوں کو عالمی معیار کے کھیل سے جوڑنا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ صحت مند، باصلاحیت اور پُرامن بلوچستان کی تعمیر میں کھیلوں کا فروغ کلیدی کردار ادا کرے گا۔

