کوئٹہ( الفجرآن لائن) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کی جانب سے آج مورخہ 20 جولائی 2026 بروز سوموار انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ امتحانات میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا، جہاں کل 99,946 طلبہ شریک ہوئے اور ان میں سے 88,944 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ اگر الگ الگ جماعتوں کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو گیارھویں جماعت میں 46,356 طلبہ میں سے 39,902 کامیاب ہوئے جس کا تناسب 86.1 فیصد رہا، جبکہ بارھویں جماعت میں 53,590 طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے جن میں سے 49,042 طلبہ نے کامیابی حاصل کی اور ان کی کامیابی کا تناسب 91.5 فیصد رہا۔
رواں سال کے نتائج میں اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان ولد غضنفر علی (رول نمبر 580369) نے 1067 نمبر لے کر صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ بی آر سی لورالائی کے طالب علم رسد خان ولد نعمت اللہ (رول نمبر 250202) نے 1064 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ ہی کی طالبہ سعدیہ ولد طاہر کامران (رول نمبر 580370) نے 1061 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
امتحانی انتظامات اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں 257 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، جہاں نگران عملے کے طور پر 854 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ 151 افسران نے مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔ دوسری جانب، امتحانات کے دوران ممنوعہ ذرائع اور نقل کا استعمال کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 542 طلبہ کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔
چیئر مین بورڈ محمد اسحاق، کنٹرولر بورڈ ڈاکٹر ضیا الحق کاکڑ اور سیکریٹری بورڈ ضیا الرحمان خلجی نے کامیاب ہونے والے تمام طلباء بالخصوص پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ ہیں اور امید ہے کہ یہ آگے بھی مزید محنت کر کے ملک و صوبے کا نام روشن کریں گے۔ کنٹرولر بورڈ نے ریکارڈ مدت میں رزلٹ کی تیاری پر تمام قابل قدر اساتذہ اور بورڈ کے عملے بالخصوص آئی ٹی سیکشن، ریسرچ سیکشن، شعبہ امتحانات اور رزلٹ برانچ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ طلباء کی سہولت کے لیے ری کاؤنٹنگ کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے، جس کے تحت طلبہ اصل کا انتظار کیے بغیر 05 اگست 2026 (یعنی اعلان نتائج کے 15 دن کے اندر) تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

