کچلاک (الفجرآن لائن): بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے صوبے میں محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بار پھر بڑی کامیابی حاصل کی ہے。 کچلاک بائی پاس پر دیر رات گئے کی جانے والی ایک کامیاب کارروائی کے دوران 300 کلوگرام خراب اور مضرِ صحت چکن گوشت مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش کو موقع پر ناکام بنا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بی ایف اے کے ڈائریکٹر آپریشنز کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے کچلاک بائی پاس پر ناکہ بندی کی گئی۔ رات ایک بجے تک جاری رہنے والے اس خصوصی اور مشترکہ آپریشن میں کچلاک پولیس نے بھی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو معاونت فراہم کی۔ اس دوران ایک مسافر بس (نمبر BSC-217) کو روک کر جب تلاشی لی گئی تو اس میں سے 300 کلوگرام انتہائی بدبودار اور مضرِ صحت چکن گوشت برآمد ہوا۔
بی ایف اے حکام کے مطابق یہ ناقص گوشت مارکیٹ میں عام شہریوں کو فروخت کے لیے سپلائی کیا جا رہا تھا، تاہم فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی سے عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے۔ اتھارٹی نے تمام مضرِ صحت گوشت کو فوری طور پر اپنے قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا، جبکہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انسانی صحت اور زندگیوں پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبے بھر میں مضرِ صحت اور ناقص اشیاءِ خورونوش کی ترسیل اور فروخت کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس پالیسی’ کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں اسی طرح سرگرمی کے ساتھ جاری رہیں گی۔