سریاب روڈ گاہی خان چوک میں فائرنگ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
کوئٹہ(الفجر آن لائن) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ گاہی خان چوک پل کے نیچے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت علی احمد اور محمد عالم کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق علی احمد کا تعلق جیکب آباد سے تھا اور وہ قوم لانگو سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ محمد عالم سریاب کے علاقے کلی کمالو کے رہائشی تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیو سریاب تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو ابتدائی طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا، جہاں سے قانونی کارروائی کے لیے انہیں ٹراما سینٹر سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم مختلف پہلوں سے تفتیش جاری ہے۔

