25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کرنے کی تجویز، الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کے فروغ کے لیے وزارتِ خزانہ اور وزارتِ صنعت میں مشاورت جاری
حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگا،ذرائع
اسلام آباد (الفجرآن لائن) حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز (HEVs) و الیکٹرک وہیکلز (EVs) کی حوصلہ افزائی کے لیے ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد اور مقامی سپلائی پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ صنعت و پیداوار اور وزارتِ خزانہ کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، جبکہ حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ہائبرڈ گاڑیوں پر عائد 25 فیصد سیلز ٹیکس کو کم کر کے 18 فیصد کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا، صارفین پر مالی بوجھ کم کرنا اور آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہائبرڈ گاڑیوں پر کم شرح سیلز ٹیکس کی سہولت 30 جون تک دستیاب تھی، تاہم فنانس ایکٹ 2026 کے ذریعے اس میں توسیع نہیں کی گئی۔
نئے مالی سال کے بجٹ اور فنانس بل 2026 کے تحت سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کے بعد ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے باعث ان کی طلب بھی متاثر ہوئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور ٹیکسوں میں ممکنہ کمی کے ذریعے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ کو دوبارہ متحرک بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ صنعت و پیداوار اور وزارتِ خزانہ باہمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس حوالے سے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کریں گی، جہاں سیلز ٹیکس کی شرح میں رد و بدل کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

