راولپنڈی( الفجرآن لائن) کینیڈا کی وزیر خارجہ، محترمہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور خطے کے استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل قربانیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے دفاعی، سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

