نوٹس کا جواب جمع کرانے آئے ہیں مگر متعلقہ تفتیشی افسر موجود نہیں، جواب وصول نہیں کیا جا رہا،وکلاء کا مؤقف
اسلام آباد (الفجر آن لائن) اداروں کے خلاف مبینہ ہرزہ سرائی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی پیر کو بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پیش نہ ہوئیں۔نورین نیازی کے وکلاء این سی سی آئی اے کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی مؤکلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کا جواب جمع کرانے آئے ہیں، تاہم متعلقہ تفتیشی افسر دفتر میں موجود نہیں۔
وکلاء کے مطابق این سی سی آئی اے کے حکام ان سے نورین نیازی کا تحریری جواب بھی وصول نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ تفتیشی افسر شام چار بجے دفتر آئیں گے، جس کے بعد ہی جواب جمع کرایا جا سکے گا۔واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداروں کے خلاف مبینہ ہرزہ سرائی کے معاملے میں نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے، تاہم وہ آج بھی ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئیں۔

