ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر بالانہ مارکی سیل
کوئٹہ( الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی کی رہنمائی اور چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ہدایات پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی جانب سے ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد کیلئے انفورسمنٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔اسی سلسلے میں آج بالانہ مارکی کو بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ، 2015 کی عدم تعمیل، لازمی رجسٹریشن نہ کروانے اور ٹیکس قوانین کے تحت مقررہ ذمہ داریوں کو پورا نہ کرنے پر سیل کر دیا گیا۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ تمام سروس فراہم کنندگان کیلئے بی آر اے کے ساتھ رجسٹریشن، بروقت ریٹرن فائلنگ، واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی، درست سیلز رپورٹنگ اور دیگر قانونی تقاضوں کی پابندی لازمی ہے۔ ان ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سیلنگ، بینک اکاؤنٹس کی اٹیچمنٹ، جرمانوں اور دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔بی آر اے نے تمام کاروباری اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن، ٹیکس قوانین کی مکمل تعمیل اور شفاف کاروباری طریقہ کار کو یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے بلوچستان کی ترقی اور محصولات میں اضافے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

