کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے فوری طور پر کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ معاون محکمہ داخلہ بلوچستان، بابر یوسفزئی کے مطابق کرفیو کا نفاذ آج رات 9 بجے سے عمل میں آ چکا ہے، جو اگلے احکامات (تاکحمِ ثانی) تک برقرار رہے گا۔ اس دوران علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔معاون محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کے دوران شہریوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی فورسز کی معاونت کے لیے انتظامیہ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے مکمل گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق یہ سخت فیصلہ خطے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا۔ انتظامیہ نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرفیو کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام ضروری اور حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں

