کوئٹہ (الفجرآن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و مشیر وزیراعلیٰ سندھ نجمی عالم، پیپلزپارٹی کشمیر سندھ کے صدر سردار ذوالفقار اور دیگر رہنماؤں نے صوبائی وزیر صحت و پارٹی رہنما بخت محمد کاکڑ کی رہائشگاہ پر آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں کوئٹہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ سمجھتی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پارٹی کے بنیادی مؤقف کا حصہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی بھرپور نمائندگی کی اور بھارتی مظالم کے خلاف مؤثر آواز بلند کی۔
تقریب کے دوران کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں رہنماؤں نے توجہ سے سنا۔ اس موقع پر یقین دہانی کرائی گئی کہ کشمیری برادری کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی کے لیے بھرپور عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

