کوئٹہ (الفجرآن لائن): حکومتِ بلوچستان نے مستونگ میں ہونے والے افسوسناک حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے محافظوں، ججز اور وکلاء کو نشانہ بنانا ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ایک ناکام کوشش اور گہری سازش کا حصہ ہے۔ شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ امن دشمن اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کر کے مجرموں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت نے حملے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور بلوچستان میں مکمل امن کے قیام تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

