کوئٹہ( الفجرآن لائن) بلوچستان بار کونسل نے مستونگ میں ججز کی گاڑی پر ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبے بھر میں دو روزہ عدالتی ہڑتال اور تین روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں معزز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ان کا سیکیورٹی گارڈ جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں، جبکہ ایک ایڈیشنل سیشن جج شدید زخمی ہیں۔ وکلاء برادری نے اس واقعے کو آئین، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہنگامی نوعیت کے کیسز کے علاوہ صوبے کی کسی بھی عدالت میں وکلاء پیش نہیں ہوں گے۔ بلوچستان بار کونسل نے حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ججز، عدالتی عملے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے اور واقعے میں ملوث سفاک عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا پُرشور مطالبہ کیا ہے


