نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات، قومی اتحاد، ترقی اور بلوچستان میں پائیدار امن پر زور
بلوچستان پاکستان کا فخر اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جبکہ صوبے کے محب وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں، فیلڈ مارشل
سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا،جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں گفتگو
بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، قومی یکجہتی اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (الفجر آن لائن) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، قومی یکجہتی اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے
۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان اور عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں چلنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے اتحاد، استقامت اور عزم سے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جبکہ صوبے کے محب وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبے بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت جاری ہیں، جن سے عوام کی خوشحالی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔انہوں نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے قومی اتحاد، استقامت اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔اجلاس کے اختتام پر نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکائنے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

