آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈی جی خان، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں فلیش فلڈ کا خدشہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی۔بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب کے خانکی، قادرآباد، چنیوٹ پل اور پلکھو نالہ وزیرآباد میں درمیانے درجے کا سیلاب اوردریائے سندھ کے کالاباغ، چشمہ اور تونسہ میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرارہے۔
دریائے چناب کے مرالہ اور تریموں بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی، دریائے کابل کے نوشہرہ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے چناب کے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق تریموں بیراج پر آئندہ 24 گھنٹوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے،اسی طرح آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈی جی خان، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، لاہور، جھنگ، ملتان، حافظ آباد، سرگودھا اور منڈی بہاؤالدین میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور ہنگامی ٹیموں کو الرٹ رکھنے اوربند شاہراہوں کی فوری بحالی اور ریسکیو انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش کے دوران دریا، ندی نالوں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب جانے سے گریز کریں، سیلابی پانی کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے ہرگز عبور نہ کریں،۔عوام موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال معلوم کرکے ہی سفر کریں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور بند سڑکوں پر سفر سے مکمل اجتناب کریں۔بروقت معلومات کے لیے ”پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ استعمال کریں، این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی

