لاہور(الفجر آن لائن) لاہور کے علاقہ گڑھی شاہو ریلوے کالونی اور بیدیاں روڈ پر گھروں کی چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں بارش کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بوسیدہ گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے کے نتیجے میں چار افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم ملبے سے میاں، بیوی اور ان کی ایک بیٹی کو مردہ حالت میں نکالا گیا، جبکہ دوسری بیٹی محفوظ رہی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث گھر کی بوسیدہ چھت زمین بوس ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ دوسری جانب بیدیاں روڈ پر بھی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے،لدھڑ سٹاپ بیدیاں روڈ پر چھت گرنے کا واقعہ الصبح پیش ایا۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت رسپانس کیا،گھر کی چھت مٹی اور ٹی ار گارڈر سے بنی ہوئی تھی، چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے،ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا

