پاکستان کا محض ایک صوبہ نہیں بلکہ قومی وحدت، خوشحالی، معاشی مستقبل اور قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے،خطاب
اسلام آباد(الفجرآن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا محض ایک صوبہ نہیں بلکہ قومی وحدت، خوشحالی، معاشی مستقبل اور قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان میں دیرپا امن، ہمہ گیر ترقی اور مضبوط وفاق کے قیام کے لیے تمام قومی اداروں اور متعلقہ فریقین کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایوانِ صدر، اسلام آباد میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے ملک بھر سے آئے ہوئے، سول سرونٹس، سول سوسائٹی، ماہرینِ تعلیم، نوجوانوں اور میڈیا نمائندگان کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے قومی مکالمے، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان اپنی طویل ساحلی پٹی، بے پناہ معدنی وسائل اور جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطی کو باہم ملانے والی جغرافیائی حیثیت کے باعث غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی درحقیقت پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی سے وابستہ ہے۔انہوں نے بلوچستان کو درپیش سیکیورٹی، سماجی، معاشی اور انسانی ترقی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے دہشت گردی کی شدید مذمت کی ۔
اور کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم شرپسند عناصر بے گناہ شہریوں اور ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج، فرنٹیئر کور بلوچستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پائیدار امن صرف سیکیورٹی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام، خصوصا نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر مندی، سیاسی شمولیت اور مساوی مواقع فراہم کرکے ہی دیرپا استحکام اور ترقی کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا امن اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔اپنے دورِ وزارتِ عظمی کا حوالہ دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے لیے کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کیا۔
جن میں آغازِ حقوقِ بلوچستان پیکیج، ساتواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ، گیس ڈویلپمنٹ سرچارج اور رائلٹی کے بقایاجات کی ادائیگی، وفاقی اداروں اور مسلح افواج میں بلوچ نوجوانوں کی نمائندگی میں اضافہ، اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مسلسل سیاسی مکالمہ شامل ہیں

