صوبے میں امن و امان کی صورتحال، مجموعی سیاسی و سماجی حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، مجموعی سیاسی و سماجی حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کا مثبت کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور امن دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں ترقی، خوشحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے امن و استحکام کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے

